گلبرگہ،19؍مٗئی(ایس او نیوز) ممتاز سماجی خدمت گزار اور بہمنی فاؤنڈیشن گلبرگہ کے صدر قاضی رضوان الرحمٰن صدیقی مشہود نے ایک صحافتی بیان میں میونسپل کارپوریشن گلبرگہ اور ضلعی انتظامیہ پر الزام عائدکیا ہے کہ ضلع گلبرگہ اور شہر گلبرگہ میں کرونا وائیریس سے متعدد افراد کے متاثر ہوجانے اور انتقال کرجانے کے باوجود سٹی میونسل کارپوریشن شہر گلبرگہ میں صفائی کا خیال نہیں رکھ رہی ہے۔
انھوں نے کہا ہے کہ مختلف محلوں میں کوڑا کرکٹ اور کچرے کے ڈھیر جوں کے توں پڑے ہوئے ہیں۔ شہر کے ہسپتالوں کے قرب و جوا ر میں بھی صفائی پر توجہ نہیں دی گئی ہے۔ جگہ جگہ غلاظت کے انبار نظر آرہے ہیں۔ اگر فوری صفائی کا انتظام نہیں کیا جاتا ہے تو اس صورت میں کرونا وائیریس کے علاوہ نئی بیماری بلیک فنگس کے حملوں میں بھی مزید تیزی سے اضافہ ہوسکتا ہے۔
قاضٰی رضوان الرحمٰن صدیقی مشہود نے رکن پارلیمینٹ گلبرگہ ڈاکٹر امیش جادھوِ ضلع انچارج وزیر مرگیش نرنی، رکن اسمبلی گلبرگہ شمال محترمہ کنیزفاطمہ قمر الاسلام، رکن اسمبلی گلبرگہ جنوبی مسٹر دتاتریہ سی پاٹل ریوورصدر کلیان کرناٹک ڈیولوپمینٹ بورڈ،محترمہ وی ویجیوتسنا ڈپٹی کمشنر گلبرگہ اور کمشنر سٹی کارپوریشن گلبرگہ اسنیہال لوکھنڈے سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر گلبرگہ کے مختلف محلہ جات اور سڑکوں و ڈرینیجس وغیرہکا صفائی پر فوری توجہ دیں تاکہ مختلف امراض اور وائیرس کے حملوں کو کامیابی کے ساتھ روکا جاسکے۔
قاضی رضوان الرحمٰن صدیقی مشہود نے بھی عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اپنے گھروں، دوکانوں اور دفاتر وغیرہ سے نکلنے والے کچہرہ اور کوڑاکرکٹ کی مقررہ مقامات اور مناسب مقامات پر نکاسی کروائیں تاکہ ماحول آلودگی سے محفوظ رہے اور پہلی ہی سے وائیریس اور بیماریوں سے پریشان حال عوام محفوظ رہ سکیں۔انھوں نے مخلتف محلوں کے سنیٹری انسپیکٹرس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ محلوں اور وارڈس میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔